پیر, ستمبر 30, 2024
اشتہار

دو بچوں کے باپ کو کومے میں پہنچانے والے سیاسی جماعت کے یوتھ ونگ کے عہدیدار کی تلاش

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ٹریفک پولیس کے ناقص سسٹم اور غفلت نے ایک اور شہری کی زندگی داؤ پر لگا دی ہے، یونیورسٹی روڈ پر طاقت کے نشے میں چور سیاسی جماعت میں یوتھ ونگ کے جنرل سیکریٹری نے موٹر سائیکل سوار پر گاڑی چڑھا دی، جس کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

یونیورسٹی روڈ پر سمامہ شاپنگ سینٹر کے قریب غلط سمت سے آنے والے ریوو گاڑی نے صحیح سمت سے آنے والے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ملازم، دو بچوں کے باپ اطہر کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شہری اطہر شدید زخمی ہوا، جسے شہری پہلے قریبی اسپتال لے گئے اور اس کے بعد سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔

سول اسپتال میں ابتدائی معائنے کے بعد پتا چلا کہ زخمی سر پر شدید چوٹوں کی وجہ سے کومے میں چلا گیا ہے اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں مصنوعی تنفس پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

- Advertisement -
دو بچوں کا باپ زخمی شخص اطہر

حادثے کے موقع پر موجود پنکچر شاپ اور دیگر کے مطابق گاڑی میں 2 لڑکیاں بھی سوار تھیں، جو حادثے کے بعد پیدل فرار ہوئیں۔ دونوں خواتین بہ ظاہر نشے میں لگ رہی تھیں، جن سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے مقدمہ اندراج کے بعد جب ملزم ریحان مصطفیٰ کے گھر پر چھاپا مارا تو پتا چلا وہ گھرسندھ پولیس کے ریٹائرڈ ڈی ایس پی کا ہے، جب کہ اس گھر میں ملزم اپنے ڈاکٹر والد اور فیملی کے ساتھ رہتا ہے، جب کہ ملزم ریحان واقعے کے بعد سے مفرور ہے۔ پولیس نے لیڈی کانسٹیبل کے ہمراہ گھر کی تلاشی بھی لی لیکن ملزم نہیں ملا۔

والد کے مطابق ان کا بیٹا اپنے ڈی ایس پی چچا کے ساتھ حیدرآباد گیا ہوا ہے، جب کہ پولیس نے چیک کیا تو ملزم کی آخری لوکیشن ڈرگ روڈ کینٹ کے قریب موصول ہوئی، ملزم کے والد نے یہ بھی بتایا کہ ان کو حادثے کے متعلق دو روز سے علم تھا اور حادثے کے وقت ان کا داماد بھی گاڑی میں موجود تھا۔

متاثرہ فیملی کے مطابق ملزم ریحان مصطفیٰ کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے، جس میں وہ یوتھ ونگ میں جنرل سیکریٹری کے طور پر کام کرتا ہے اور گھر سے متصل دفتر بھی بنا رکھا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مزید کوششیں کی جا رہی ہیں۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں