بدھ, اپریل 30, 2025
اشتہار

کراچی : پانی کی لائن پھٹنے سے جامعہ کراچی اسٹاف کالونی کے 400 سے زائد گھر زیرآب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : جامعہ کراچی میں پانی کی پائپ لائن پھٹنےسے 400 سے زائد مکان اور رہائشی علاقے کی تمام سڑکیں زیر آب آگئیں، گھروں میں پانی داخل ہونے سے بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں واٹر کارپوریشن کی چوراسی انچ قطر کی پائپ لائن ٹوٹنے کے باعث دوسرے روز بھی پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، جس کی وجہ سے کئی ڈپارٹمنٹ میں تدریسی عمل معطل رہا جبکہ شعبہ ٹرانسپورٹ ڈوبے ہونے کی وجہ سے طلبہ کی پوائنٹ کی بسیں بھی روانہ نہیں کی جاسکیں۔

جامعہ کراچی میں پانی کی پائپ لائن پھٹنے سے چارسو سے زائد مکان اور رہائشی علاقے کی تمام سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ گھروں میں پانی داخل ہونے سے بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد گھروں کا فرنیچر خراب ہوگیا، جس کے باعث اسٹاف کالونی میں رہائش پذیر افراد اپنے قریبی عزیزوں کے گھر منتقل ہوگئے۔

واٹر بورڈ کی لائن پھٹنے سےکراچی یونیورسٹی میں سیلابی صورت حال ہے، سائنس فیکلٹی ، ماس کمیونی کیشن ، کیمسٹری، فزکس ، فارمیسی ، کمپیوٹر سائنس سمیت مختلف ڈپارٹمنٹ ڈوبے ہوئے ہیں ، جس کے بعد متاثرہ ڈپارٹمنٹس میں کلاسزمعطل کردی گئیں۔

کراچی واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مرمتی کام میں 72گھنٹے مزید لگ سکتے ہیں، نکاسی آب کے نظام کو کنٹرول کرنے کے لئے گلشن اقبال کی یونین کونسل عملہ بھی فعال ہے۔

گذشتہ روز جامعہ کراچی کے قریب واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی لائن لیک ہوگئی تھی ۔ اس لائن سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مرمتی کام کے دوران شہر کو یومیہ 250 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، مرمتی کام کے باوجود شہر کو 400 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی، شہری پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں