کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر میں پانی کے بحران اور ہائیڈرنٹس سروس معطل ہونے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
فوکل پرسن ٹو ایم ڈی برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر نے من گھڑت خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہائیڈرنٹس سروس معطل ہونے والی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کے تمام ہائیڈرنٹس فعال ہیں اور شہریوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
حالیہ دنوں میں ہیوی گاڑیوں کے حادثات کے خلاف احتجاج کے دوران واٹر ٹینکرز کو بلاجواز روکا جا رہا تھا، جس کی وجہ سے واٹر ٹینکرز کے مالکان اور عملہ خوف میں مبتلا تھے۔
شہباز بشیر نے کہا کہ احتجاج کے اثرات کی وجہ سے واٹر ٹینکرز کی تعداد میں کمی آئی ہے، تاہم ہائیڈرنٹس سروس معطل نہیں ہوئی۔
انھوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ میرے نام سے منسوب کوئی بھی خبر نشر نہ کی جائے، کیونکہ انھوں نے کبھی بھی ہائیڈرنٹس سروس کی معطلی پر کوئی موقف نہیں دیا اور نہ ہی کسی میڈیا نمائندے سے اس حوالے سے بات کی ہے۔
شہباز بشیر نے اس بات پر زور دیا کہ واٹر کارپوریشن کی ہائیڈرنٹس سروس مکمل طور پر فعال ہے اور کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔
فوکل پرسن ہائیڈرنٹس سیل کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج کے اثرات کا سامنا کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کچھ مشکلات پیش آئی ہیں۔