کراچی میں بی آر ٹی منصوبے پر ترقیاتی کام کے دوران ایک بار پھر پانی کی لائن ٹوٹ گئی جس سے بحران کا خدشہ ہے۔
لائن ٹوٹنے سے پانی سڑک پر آگیا جس کے باعث حسن اسکوائر سے جیل چورنگی جانے والی سڑک تالاب بن گئی اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
متعدد واٹر ٹینکرز بھی پانی بھرنے کی وجہ سے روڈ پر دھنس گئے۔ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کیلیے ٹریفک پولیس اہلکار غائب رہے، یونیورسٹی روڈ سے گزرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پانی کی فراہمی معطل، کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟
نومبر 2024 میں بھی مین یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبے پر کام کے دوران لائن ٹوٹ گئی تھی جس کے نیتجے میں کئی روز تک پانی کی فراہمی معطل رہی تھی۔
واٹر کارپوریشن حکام نے بتایا تھا کہ ریڈ لائن بس منصوبے پر کام کے دوران لائن ٹوٹی، 84 انچ کی لائن گلستان جوہر اور گلشن اقبال و دیگر علاقوں میں پانی فراہم کرتی ہے۔
گزشتہ روز کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر قائد میں 3 روز کیلیے پانی کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کیا جس سے مختلف علاقے متاثر ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ لائنوں کی مرمت کے باعث 3 روز پانی کی فراہمی ضلع وسطی، شرقی اور اولڈ سٹی ایریا میں معطل رہے گی، رمضان سے قبل لیکجز کے خاتمے کیلیے پانی کی لائنوں کی مرمت کی جا رہی ہے، پیر کی رات تک پانی کی سپلائی معمول پر آنا شروع ہو جائے گی۔