کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پارک کی کھدائی کے دوران متعدد ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہتھیار اور گولیاں کئی بوریوں میں چھپا کر دفنائے گئے تھے، پارک میں کھدائی کا عمل جاری تھا کہ نیچے سے بوریاں نکلیں۔
پولیس فوری اطلاعملنے پر موقع پر پہنچ گئی، پولیس حکام کا بتانا ہے کہ دفنائے گئے ہتھیاروں میں رائفلز شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق بوریوں میں مختلف ہتھیاروں کی سیکڑوں گولیاں شامل ہیں، شبہ ہے رینجرز اور پولیس آپریشن کے دوران ہتھیاروں کو چھپایا گیا ہے۔
کرائم سین یونٹ اور دیگر حکام کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، کرائم سین سے برآمد ہتھیاروں اور گولیوں کا معائنہ کروایا جارہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے ہتھیار زنگ آلود ہیں، فرانزک کرایا جائے گا، پارک میں مزید مقامات پر بھی کھدائی شروع کروادی گئی ہے۔