ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور کی گاڑی کی ٹکر سے ایک فوٹو گرافر زخمی ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں اداکارہ کرینہ کپور کو اپنے ڈرائیور پر غصے کی حالت میں چیختے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈرائیور نے کرینہ کپور کی تصاویر لینے کے دوران فوٹو گرافر کا پاؤں کچل دیا۔
گاڑی کا ٹائر جب فوٹو گرافر کے پاؤں پر چڑ گیا تو کرینہ کپور نے غصے میں ڈرائیور کو اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ”سنبھالو یار، پیچے جاؤ یار!“
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کرینہ کپور حال ہی میں کار حادثے میں زخمی ہونے والی ملائکہ اروڑا کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچیں۔ اداکارہ کی آمد پر فوٹو گرافر کی بڑی تعداد ملائکہ اروڑا کے گھر کے باہر موجود تھی۔
کرینہ کپور نے زخمی ہونے والے فوٹو گرافر کو کہا کہ ”یہی وجہ ہے کہ آپ کو اس طرح نہیں بھاگنا چاہیے تھا۔“
View this post on Instagram
خیال رہے کہ اتوار کے روز ملائکہ اروڑا خوفناک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئی تھیں۔ اداکارہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
ملائکہ اروڑا ایک تقریب میں شرکت کے بعد پونے سے ممبئی واپس آ رہی تھیں کہ ان کی اور دیگر دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں۔
کھوپولی پولیس کے مطابق اداکارہ کو علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ حادثہ کیسے ہوا، اس متعلق پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں جب کہ اس کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
تھانہ کھوپولی کے پولیس انسپکٹر کا کہنا تھا کہ کار حادثہ ممبئی پونے ایکسپریس وے پر 38 کلو میٹر کے فاصلے پر پیش آیا، تین گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں اور تینوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، اداکارہ کے علاوہ باقی دو گاڑی موقع سے فرار ہوگئیں، حادثے میں تمام افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
ملائکہ اروڑا کی بہن اداکارہ امریتا اروڑا نے حادثے کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے میڈیا کو ان کی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملائکہ کی حالت اب پہلے سے کافی بہتر ہے تاہم انہیں کچھ وقت کے لیے ڈاکٹرز کی زیرِ نگرانی ہی رکھا جائے گا۔