ممبئی: بالی وڈ کے نامور اداکار کارتک آریان کو فلم فیسٹیول میں ان کی ایک مداح نے شادی کی پیشکش کر دی جس کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔
میلبورن میں انڈین فلم فیسٹیول میں ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کی خصوصی اسکرینگ کے دوران کارتک آریان نے مداحوں کو براہ راست سوالات کے جوابات دیے۔
اس موقع پر ان کی ایک مداح نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ مجھے آپ سے ملنے کا موقع دوبارہ نہیں ملنے والا، اسی لیے میں ایک سوال پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیا آپ مجھ سے شادی کریں گے؟
مداح کی پیشکش پر کارتک آریان کچھ لمحے کیلیے لاجواب رہے، پھر وہ مسکراہتے ہوئے بولے ’یہاں پر پریم کتھا پہنچ رہی ہے اور ایک آپ نے شادی کی آفر دے دی، یہاں ہو کیا رہا ہے؟‘ بعدازاں اداکار نے مداح کی درخواست پر انہیں گلے لگایا۔
کارتک آریان نے اس ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بمعہ کیپشن شیئر کیا جس میں وہ لکھتے ہیں کہ ’یہاں میری بولتی بند ہوگئی۔ والدہ سے پوچھ کر بتاتا ہوں۔‘ سوشل میڈیا پر ویڈیو کو کافی پسند کیا گیا جبکہ کمنٹ باکس میں مداحوں نے تبصرے بھی کیے۔
خیال رہے کہ کارتک آریان اور کیارا اڈوانی کی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ 29 جون کو ریلیز ہوئی جو اب تک موجوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ اس فلم نے باکس آفس پر زبردست بزنس کیا۔
کارتک آریان 2024 میں کبیر خان کی فلم ’چندو چیمپئن‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔