پشاور: خیبرپختونخوا میں کروناوائرس کی صورت حال کے نتیجے میں محصولات کی مد میں کمی ریکارڈ کی گئی، صوبائی حکومت کو محصولات کی مد میں 15ارب کی کمی کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ کرونا اور لاک ڈاؤن کے باعث محصولات کا حصول متاثر ہے، محصولات کی وصولی کے ادارے مقررہ اہداف حاصل نہ کرسکے، رواں بجٹ میں نان ٹیکسز اور ٹیکسز مد میں50ارب وصولی کا تخمینہ لگایا گیا تھا، جبکہ حکومت کو 33ارب روپے وصول ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا ریونیواتھارٹی سے 20ارب روپے آمدن متوقع تھی، محکمے نے 15 ارب روپے کے ٹیکسز وصول کیے، بورڈ آف ریونیو اور محکمہ ایکسائز سے 10 ارب روپے آمدن متوقع تھی، جبکہ ایکسائز 3.6ارب روپے میں سے 2.3ارب روپے ٹیکس وصول کرسکا۔
کورونا وائرس ، ملکی معیشت کو رواں سال 2500ارب کا نقصان
اسی طرح 20محکموں سے نان ٹیکس مد میں10ارب روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا تھا، مختلف محکمے نان ٹیکس مد میں 50فیصد آمدن حاصل کرسکے، ہوٹلز، شادی ہالز، بڑےکاروباری مراکز کی بندش سے محصولات میں کمی آئی۔
خیال رہے کہ ایک اعداد وشمار کے مطابق کرونا کے باعث ملکی معیشت کو رواں سال 2500ارب کا نقصان اٹھانا پڑا اور حجم 440کھرب سے سکڑ کر415کھرب تک رہ گیا ہے۔