پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں، احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے۔ پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔
کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ ستتر سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر پر بزور طاقت قبضہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کو دبا نہیں سکتا، کشمیر تنازعہ کا پرامن حل صرف سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پرعمل درآمد سےممکن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے تنازع کے حل تک ان کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نہتے کشمیری کئی دہائیوں سے بھارتی افواج کے وحشیانہ جبر کو برداشت کررہے ہیں، ظلم اور جبر سے بھارت کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا، عالمی برادری بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے۔