مظفر آباد: قومی کرکٹر سعید اجمل اور اظہر علی نے کشمیر پریمیئر لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔
کشمیر پریمیئر لیگ کے سلیکٹرز سعید اجمل اور اظہر محمود نے آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر سعید اجمل کا کہنا تھا کہ ’آزادکشمیرمیں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجودہے،مظفرآباد اسٹیڈیم کو بہتر طریقے سے بنایاجائےتویہ دنیا کا خوبصورت گراؤنڈ ہوگا کیونکہ یہ بہترین مقام پر موجود ہے اور یہاں کا موسم بھی بہترین ہے‘۔
سعید اجمل کا کہنا تھا کہ ’اگر یہاں سہولیات فراہم کی جائیں تو انٹرنیشنل سطح کے میچز کھیلے جاسکتے ہیں‘۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ ’نوجوان کھلاڑی اچھا کھیل پیش کریں گے تو اُن کے لیے کشمیر پریمیئر لیگ نادر موقع ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جو اس لیگ میں کارکردگی دکھائے گا وہ آگے جائے گا‘۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود کا کہنا تھا کہ ’آزادکشمیرکےکھلاڑی اب انٹرنیشنل پلیئرزکےساتھ کھیلیں گے،کرکٹ کے فروغ کے لئے تمام اقدامات کئےجا رہے ہیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’آزادکشمیر میں کھیلوں کو فروغ ملنا چاہیئے کیونکہ یہاں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، ٹرائلز کے دوران باصلاحیت بیٹسمین اور بولر سامنے آئے جو ہمارے لیے خوشی کا باعث ہیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی رہ گئے وہ کشمیر پریمیئر لیگ کی ویب سائٹ پر اپنی ویڈیوز بھیجیں تاکہ اُن کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے۔