کیتھرین ہیپبرن کہتی تھیں کہ پسِ مرگ بھی انھیں یاد کیا جاتا رہے گا۔ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ہیپبرن پُرکشش شخصیت کی مالک اور ایسی خاتون تھیں جس نے اپنی مرضی کے مطابق زندگی بسر کی اور اپنے غیر روایتی طرزِ عمل کے لیے بھی مشہور رہیں۔
خوب صورت اور نازک اندام ہیپبرن ایک امیر اور نہایت خوش حال گھرانے کی فرد تھیں۔ انھیں ہر قسم کی آسائش میسّر تھی اور اس آسودہ حالی کے ساتھ بطور اداکارہ ان کا کیریئر شان دار کام یابیوں سے بھرا ہوا ہے۔
کیتھرین ہیپبرن کا تعلق امریکا سے تھا۔ وہ 12 مئی 1907 کو پیدا ہوئیں۔ ہیپبرن اپنے والدین کی چھٹی اولاد تھیں، ان کی پرورش ایسے ماحول میں ہوئی تھی جہاں بولنے اور سوال کرنے کی آزادی تھی۔ یہ خاندان بچّوں کے شوق اور رجحان کی حوصلہ افزائی کرتا تھا۔ اس ماحول کی پروردہ ہیپبرن بھی بہت پُراعتماد اور باہمّت نکلیں۔ ان کے والد اس دور کے مشہور سرجن تھے جب کہ ہیپبرن کی والدہ انسانی حقوق کی علم بردار اور سماجی کارکن کی حیثیت سے پہچانی جاتی تھیں۔ ہیپبرن نے ابتدائی تعلیمی مدارج طے کرتے ہوئے تاریخ اور فلسفے کے مضامین میں گریجویشن کی سند حاصل کی۔
اسٹیج کی دنیا سے ہیپبرن نے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ وہ نیویارک کے مشہور براڈوے تھیٹر سے منسلک ہوئیں اور اس کے پیش کردہ ڈراموں میں کئی چھوٹے بڑے کردار نبھائے جنھیں شائقین نے سراہا۔ اسٹیج ڈراموں میں پہچان بنانے کے بعد وہ ہالی وڈ فلموں میں نظر آئیں۔
اپنی متأثر کن اداکاری کی وجہ سے ہیپبرن نے جلد ہی شائقین کے ساتھ ساتھ ناقدین کو بھی اپنی جانب متوجہ کرلیا۔
فلموں میں اپنی شان دار پرفارمنس پر کیتھرین ہیپبرن نے چار اکیڈمی ایوارڈ اپنے نام کیے اور متعدد دوسری فلموں میں کردار نگاری پر ان کا نام اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نام زد کیا گیا۔
ہیپبرن کی پہلی فلم 1932ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اُس دور میں ہیپبرن کو زیادہ تر ایسی عورت کے روپ میں اسکرین پر دیکھا گیا جو خود مختار اور حقوقِ نسواں کی حامی تھی۔ ہیپبرن کی چند کام یاب فلموں میں مارننگ گلوری، فلاڈلفیا اسٹوری، دی افریقن کوئین، لٹل وومن، ہالی ڈے، وومن آف دی ایئر شامل ہیں۔
ہالی وڈ اداکارہ کیتھرین ہیپبرن کو پہلا اکیڈمی ایوارڈ 1933ء میں دیا گیا اور یہ اعزاز فلم مارننگ گلوری میں بہترین اداکاری پر اُن کے حصّے میں آیا تھا۔ فلاڈیلفیا اسٹوری کو ہالی وڈ کی کلاسیک فلم کہا جاتا ہے جس میں ہیپبرن نے بے مثال اداکاری سے فلم بینوں کو اپنا مداح بنا لیا تھا۔
امریکی ثقافت میں اداکارہ کو ان کے فیشن اور اسٹائل کی انفرادیت کے ساتھ ایک ایسی خاتون کے طور پر بہت بااثر خیال کیا جاتا ہے جو معاشرے میں اپنے حقوق اور آزادی کو اہمیت دیتی تھی۔
کیتھرین ہیپبرن نے اسٹیج، اور فلم کے بعد ٹی وی کے لیے بھی اداکاری کی اور اپنی پرفارمنس پر ایوارڈ حاصل کیے۔ انھیں امریکا میں فیشن انڈسٹری نے بھی متعدد اعزازات سے نوازا۔ اس خوب صورت اداکارہ کا نام بیسویں صدی کی اُن عورتوں میں سرِفہرست رہا ہے جو فن اور ثقافت کی دنیا میں اپنے خیالات اور کارناموں کے سبب مشہور ہوئیں۔
1999ء میں امریکی فلم انسٹیٹیوٹ نے ہیپبرن کو عظیم اداکارہ قرار دیا تھا۔ اداکارہ 2003 میں آج ہی کے روز دنیا سے رخصت ہوئی تھیں۔ وہ 96 برس کی تھیں۔
امریکی ثقافت میں کیتھرین ہیپبرن کی حیثیت آج بھی برقرار ہے۔