ممبئی: بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف اور ساؤتھ سپر اسٹار وجے سیتھوپتی کی فلم ’میری کرسمس‘ کی ریلیز کی نئی تاریخ سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف اور وجے سیتھوپتی کی فلم ’میری کرسمس‘ کے ہدایت کار شری رام راگھون ہیں، فلم رواں برس 8 دسمبر کو ریلیز ہونا تھی لیکن اب فلم کو تامل اور ہندو زبانوں میں آئندہ برس 12 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔
فلم میکرز کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ انہوں نے ’میری کرسمس‘ کو بہت محبت اور لگن سے بنایا ہے اور 2023 کے آخری دو مہینوں میں لگاتار فلمیں ریلیز ہورہی ہیں اس لئے فلم کی ریلیز اگلے برس تک ملتوی کردی گئی ہے۔
اگر ریلیز ملتوی نہ کی جاتی تو کترینہ کیف کی نئی فلم کو باکس آفس پر رنبیر کپور کی ’انیمل‘ اور وکی کوشل کی ’سیم بہادر‘ کا مقابلہ کرنا ہوتا جو کہ یکم دسمبر کو ریلیز کی جائیں گی۔
’میری کرسمس‘ کو دو زبانوں ہندی اور تامل میں شوٹ کیا گیا ہے جبکہ مختلف زبانوں کے معاون اداکار بھی مختلف ہیں۔
ہندی فلم میں سنجے کپور، ونے پاٹھک، پراتیما کنا اور تینو آنند نے کردار ادا کیے ہیں جبکہ تامل ورژن میں وہی کردار رادھیکا سرتکمار، شانمگراجا، کیون جے بابو اور راجیش ولیمز نے ادا کیے ہیں۔
واضح رہے کہ شرم رام راگھون اس سے قبل اندھا دھن اور بدلہ پور کی ڈائریکشن کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔