حیدرآباد: ممبر قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وسیم اختر کو کراچی کی عوام نے منتخب کیا ہے اگر وہ جیل میں بھی ہیں تو میئر بھی وہی بنیں گے۔
اس بات کا اظہار انہوں نے حیدرآبادمیں بارش سے متاثرہ علاقے لطیف آباد نمبر11کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ’’کراچی کے میئر کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا عوام کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا، ہم اسے انا کا مسئلہ نہیں بنائیں گے ہاں مگر اس معاملے میں کسی کی دھونس اور دھمکی میں بھی نہیں آئیں گے۔ وسیم اختر کو کراچی کے لوگوں نے منتخب کیا ہے اور میئر کراچی بھی وہی بنیں گے ‘‘۔
خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ’’موجودہ صورتحال میں پیغامات اور پریشر کی صورت میں غیر اعلانیہ طور پر اقدامات کی شکل میں یہ بھی دباؤ ہے کہ وسیم اختر کو میئر شپ کے عہدے سے دستبردار کرایا جائے لیکن انہیں دستبردار صرف اور صرف ہمارے قائد ہی کراسکتے ہیں‘‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’’پیپلز پارٹی کی حکومت قدرتی آفات کو بھی کرپشن کے لیے نادر موقع سمجھتی ہے، پیپلز پارٹی نے مقامی حکومتوں کا جو نظام دیا ہے وہ آئین سے متصادم ہے لیکن پھر بھی ہمیں اجازت تو دی جاتی کہ ہم اپنے ہاتھوں سے صفائی تو کرتے اور جب ہم نے کراچی اور حیدرآبادمیں صفائی کی کوشش کی تو منتخب یوسی چیئرمینوں کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ صرف ہمارے نصیب میں ہی ہے کہ تقاریر کرنے اور سننے پر بھی مقدمات بنائے جاتے ہیں۔ آج قومی اسمبلی میں جو بھی تقاریر کی گئیں کیا ان پر بھی مقدمات بنیں گے‘‘۔ بعدازاں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بارش سے متاثرہ علاقوں اور کے کے ایف کے امدادی کیمپوں کا دورہ کیا، اس دوران متاثرین میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا۔