جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کی کوئی حیثیت نہیں تھی لیکن اسے لیڈر بنایا گیا، خواجہ آصف

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر دفاع خواجہ آصف کا سابق وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کوئی حیثیت نہیں تھی لیکن اسے لیڈر بنایا گیا۔

لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کے پورے خاندان کی کردار کشی کی گئی، ان سمیت ان کے خاندان نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کے سامنے ان کی بیٹی مریم نواز کو گرفتار کیا گیا، بدترین دشمن بھی ایسا نہیں کرتے جو بانی پی ٹی آئی نے کیا تھا، آج ہمیں نواز شریف کی جدوجہد کا ثمر مل رہا ہے ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ملک کے تمام معاشی اشاریے بہتری کی جانب جا رہے ہیں۔

- Advertisement -

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی دور میں پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم تھا، بانی پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پنجاب لیز پر دے دیا تھا لیکن آج پنجاب دوبارہ ترقی کی راہ پر گامز ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب کی ترقی کیلیے محنت کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی ترقی ہو رہی ہے جہاں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کام کر رہے ہیں، جو مثالی قیادت پنجاب کو ملی ہے شاید ہی کسی صوبے کو ملی ہو، ملک میں موٹرویز نہ ہوتیں تو سفر انتہائی کٹھن ہوتا، قائد نواز شریف نے قوم کی ضروریات کے مطابق موٹروے بنائی۔

اپنے خطاب میں خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ ہم سوشل میڈیا میں بہت پیچھے ہیں کارکنان کو متحرک ہونا پڑے گا، صرف ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرنا کافی نہیں بلکہ کانٹیںٹ بنانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جو دہشتگردی واقعات کی مذمت نہیں کرتی، عوام کو احساس ہونا چاہیے کہ پی ٹی آئی کی حیثیت مشکوک ہے، بانی ہدایات دیتے ہیں کہ میری تعریف کرو اور دوسروں کو گالیاں دو، بانی جو گالیوں کیلیے ہدایات دیتے ہیں پی ٹی آئی والے خود ہمیں بتاتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں