اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے بھارت کے ساتھ جو ہوا وہ اس پر پھر کوئی حرکت کرے۔
خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے افواج پاکستان کو بھارت کو حملے کا جواب دینے کا اختیار دے دیا، افواج اس حملے کو ترتیب دیں گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مودی کے پلے اب کچھ نہیں رہ گیا ہے، ہم نے ان کے ملٹری ٹارگٹس کو ہی نشانہ بنایا ہے جبکہ بھارت نے پاکستان میں ہر جگہ سویلین کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈیا کے 75 سے 80 فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا: اسحاق ڈار
انہوں نے کہا کہ نہ ان جگہوں پر اڈے ہیں نہ دہشتگردی کے ٹھکانے ہیں، بھارت نے بس بہانہ بنا کر 6 سے 7 جگہوں پر ٹارگٹ کیا ہے، لگ نہیں رہا ہے ٹینشن فی الوقت کم ہو۔
قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ پاکستان مناسب وقت اور مقام کا تعین کر کے جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو جوابی کارروائی کا اختیار دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت نے بین الاقوامی کنونشن کی سنگین خلاف ورزی کی، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، پاک فوج نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، بھارتی فضائیہ کے پانچ جنگی طیارے اور ڈرون مار گرائے۔