اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہم بالکل تیار اور انتہائی ہائی الرٹ ہیں، اگر فضائی حدود کی خلاف ورزی ہوئی یا کوئی زمینی کارروائی کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت نےدراندازی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، فضائی وزمینی دونوں کارروائی کی صورت میں
تیارہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اس بات کا امکان ہے کہ بھارت پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرے گا، ہم انتہائی ہائی الرٹ ہیں، اگر ٹکراؤ ہوا تو اللہ کے فضل و کرم سے ہم بالکل تیار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی کنٹرول لائن پر فورٹیفکیشن ہے، فوجیں بڑی تعداد میں تعینات ہیں اور آنکھوں میں آنکھیں ڈالی کھڑی ہیں۔
وفاقی وزیر نے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، معصوم جانوں کا نقصان ہوا اور اس واقعے کے بعد بھارتی فورسز نے وادی میں دہشت گردی کی مہم شروع کر رکھی ہے، بے گناہ لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے، جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے، مقبوضہ علاقے میں آج دہشت کا راج ہے۔