اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے بیرسٹر گوہر علی خان کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین منتخب ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ نئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے 2008 سے 2022 تک آصف علی زرداری قائدرہے، بعد میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔
سابق وزیر دفاع نے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی کو ایک سال میں آصف علی زرداری کا تراشہ ہیرا اتنا پسند آیا کہ اپنی کرسی حوالے کر دی، سربراہ پی ٹی آئی نے اپنے پرانے ساتھیوں کو کوڑا کرکٹ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنی غیر حاضری میں وہ اپنے پرانے ساتھیوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، جس نے ساری عمر دھوکے دیے ہوں اس کیلیے دوسروں پر اعتبار مشکل ہوتا ہے۔
آخر میں انہوں نے لکھا کہ ’بہر حال پی ٹی آئی لیڈروں اور ورکروں کیلیے کوئی شرم کوئی حیا کا مقام ہے یا ڈوب مرنے کا۔‘
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے 20 دن کے اندر دوبارہ اس کے انعقاد کا حکم جاری کیا تھا۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد ہوا جس میں بیرسٹر گوہر بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے جبکہ عمر ایوب سیکریٹری جنرل کے عہدے پر منتخب ہوئے۔
چیف الیکشن کمیشنر پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا، یاسمین راشد پنجاب، حلیم عادل شیخ سندھ اور منیر احمد بلوچ بلوچستان کے صدر منتخب ہوگئے۔