پاکستان کے ابھرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر خواجہ نافع نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کیمپ میں ایک دن میں 800 گیندیں کھیلتے ہیں۔
اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ نافع نے کہا کہ میں عبدالرزاق کے ساتھ پاور ہٹنگ پر کام کررہا ہوں اور اسپنرز کے خلاف کھیلنے کی بھرپور پریکٹس کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک دن میں لگ بھگ 800 گیندوں کا سامنا کرتے ہیں، اس سے ہمارے پٹھے بھی مضبوط ہوتے ہیں، یہ مشق مستقبل میں ہمیں فائدہ دے گی۔
خواجہ نافع نے کہا کہ مجھے ویوین رچرڈز سے سیکھنے کا موقع ملا، انہوں نے مجھے بتایا کہ اگر میں خود اعتمادی کے ساتھ کھیلوں گا تو کچھ بھی مشکل نہیں ہوگا۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ میں کیمپ کے بعد بھی اسی پلان کے مطابق ٹریننگ جاری رکھنے کی کوشش کروں گا، کوچز مجھے وکٹ کیپنگ پر بھی کام کرنے کو کہا ہے، مجھے بطور وکٹ کیپر بھی تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں خود کو تمام فارمیٹس کے مطابق کھیلنے کے لیے تیار کررہا ہوں،
واضح رہے کہ 23 سالہ خواجہ نافع کو ڈومیسٹک ٹی 20 کرکٹ میں کھیلنے کا نمایاں تجربہ حاصل ہے، پی ایس ایل کے دو سیزن میں نافع نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 میچز کھیلے اور 130.00 کے اسٹرائیک ریٹ سے 234 رنز بنائے جس میں دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔