لاہور : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سپرپاور کہلوانے والوں سے کہتے ہیں کہ پاکستان کو دھمکیاں نہ دیں، ہماری قربانیوں کا اعتراف کیا جائے، پوری قوم ملکی سالمیت اوردفاع کے لیے متحد ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں یادگار شہداء پر پھول ڈالنے کے بعد یوم دفاع پرتقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر تجارت ملک پرویز، خواجہ عمران نذیر، مبشرجاوید اور دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، انہوں نے شہداء کے بلند درجات کے لیے بھی دعا کی۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہماری افواج ایک عرصے سے دہشت گردی کے خلاف لڑررہی ہیں، پاک افواج کے جوان ہمارے لیےجانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، پوری قوم آج یوم دفاع پراپنے شہداء کوسلام پیش کرتی ہے، پاکستان کی سالمیت اوردفاع کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1965 کے بعد پاکستان پر 1971 میں جارحیت مسلط کی گئی،1971 میں سازش کی گئی ورنہ پاکستان کبھی نہ ٹوٹتا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سپرپاور کہلوانے والے پاکستان کودھمکیاں نہ دیں، دہشت گردی کےبیج وہی بوتے ہیں جو دنیا پرحکمرانی کی خواہش رکھتےہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کیا جائے، پاکستان کو دبانےکی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سےدیکھنےکی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج منظم اور طاقتور ہے، ہمیں کسی کے لال قلعے پر جا کر اپنا جھنڈا نہیں لہرانا، پاکستان کسی سے لڑنا نہیں چاہتا مگر تھکتا بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی فوج کو افغانستان سے واپس جانا چاہیے، خطےمیں امن کے لیے بھارت کو برابری کی سطح پر بات کرنا ہوگی، بھارت دہشت گردوں کی سرپرستی کرے گا تو یہ لڑائی چلتی رہے گی۔