اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تجارتی تربیت کے مزید پروگرام جاری کئے جائیں گے، اس سلسلے میں یورپی تربیتی اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں ۔
ہالینڈ میں پاکستان کی نومتعین سفیر عفت عمران گردیزی سے گفتگو کے دوران انہوں نے زور دیا کہ تربیت کیلئے ہالینڈ کے ترقی پذیر ممالک سے درآمدات بڑھانے کے ادارے سے تجارتی تربیت کے پروگراموں میں اضافہ کیا جائے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے کاروباری حضرات کو برآمد کے میدان میں اتارنا سب سے بڑا چیلنج ہے ، معیاری مصنوعات کی تیاری ، کم لاگت پیداواری طریق کار اور برآمدات کیلئے درکار قانونی کارروائی کی تربیت کیلئے عالمی تجارتی تربیت کے اداروں کو پاکستان میں اپنے تربیتی نیٹ ورک کو بڑھانے کی ضرورت ہے،اس کیلئے ہالینڈ اور یورپ میں موجود اداروں سے مذاکرات کئے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ ہالینڈ یورپی یونین میں پاکستان کا بڑا سپورٹر ہے ، جس نے جی ایس پی پلس اور اس کے ریویو کے دوران پاکستان کی مثبت حمایت جاری رکھی، ہالینڈ کی طرف سے مزید سرمایہ کاری کیلئے پاکستان میں کاروباری مواقعوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہالینڈ میں تجارتی نمائشوں میں اضافہ کیا جائے ۔