کراچی : تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے تیسرے ہفتہ بھی غریب طبقے میں راشن تقسیم نہیں کیا گیا، سندھ حکومت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئی۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کے دوران بھی سندھ حکومت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئی, ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل عملے کو تاحال حفاظتی کٹس مہیا نہیں کی گئیں۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت بتائے کہ چین سے جو امدادی سامان آیا تھا وہ کہاں گیا؟ پیپلز پارٹی کی قیادت وفاقی حکومت پر تنقید کے علاوہ کچھ نہیں کررہی۔
عوام کو راشن کی تقسیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو لگائے ہوئے تیسرا ہفتہ ہوگیا ہے لیکن غریب طبقے میں راشن اب تک تقسیم نہیں کیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے راشن تقسیم کے معاملے پر سوالات اٹھا دیے
واضح رہے کہ اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بھی سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ میں راشن کی تقسیم پر بھی سیاست کی جا رہی ہے، کیا یہ وقت اپنے لوگوں کی مدد کا ہے یا سیاست کرنے کا؟
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ طے ہوا تھا کہ راشن کی تقسیم یونین کونسل کی سطح پر نمائندگان کے ذریعے ہوگی، لیکن صوبے میں راشن پیپلزپارٹی کے ہارے ہوئے نمائندے تقسیم کررہے ہیں۔