لاہور : سیشن عدالت نے تھیٹر اداکاروں کی نازیبا ویڈیو بنانے کے مقدمے میں ملوث اداکارہ خوشبو سمیت دیگر چھ ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 24فروری تک توسیع کردی ہے۔
ڈیوٹی پر موجود جج نے عبوری درخواست ضمانتوں پر سماعت کی اس موقع پراداکارہ خوشبو سمیت دیگر ملزمان بھی پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایف آئی اے حکام نے رپورٹ جمع کرائی اور بتایا کہ ملزمان تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئے جس پرعدالت نے عبوری ضمانتوں میں 24فروری تک توسیع کرتے ہوئے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے سائبر ونگ نے ادکارہ خوشبو سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے اداکارہ خوشبو کا کہنا تھا کہ وہ ہر تاریخ پر پیش ہورہی ہیں جلد سچ سامنے آ جائے گا۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مقدمہ جھوٹا ہے، خوشبو سمیت ملزمان کے خلاف اسٹیج اداکاروں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر واٸرل کرنے کا مقدمہ درج ہے۔
مزید پڑھیں : نازیبا ویڈیوز بنانے کا کیس، اداکارہ خوشبو کو عدالت نے طلب کرلیا
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے نجی تھیٹر میں ڈانسر کی کپڑے بدلنے کی ویڈیو لیک کے معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اداکارہ خوشبو خان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
ایف آئی اے نے مذکورہ مقدمہ تھیٹر مالک کی مدعیت میں خوشبو خان ،عمران شوکی، کاشف چن اور احمد کے خلاف تھیٹر مالک کی مدعیت میں درج کیا تھا۔