لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امریکا کو حق نہیں تھا کہ وہ کسی ملک میں اپنی فوج بھیجے اور بہ حیثیت قوم ہم امریکا کو راہداری دینے پر سابق صدر مشرف کو معاف نہیں کرسکتے.
وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی پاکستان کی طرف دیکھے گا اُسے جواب بھی ملے گا اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں.
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کو ویتنام یا افغانستان نہ سمجھا جائے ہم زندہ قوم ہیں جسے اپنے سرحدوں کے تحفظ کے لیے دنیا کی سب سے بہترین فوج میسر ہے اور جو جذبہ جہاد سے سرشار ہے.
وفاقی وزیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو ہماری کوئی قربانی نظر نہیں آتی حالانکہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے پرائی لڑائی میں پچاس ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور لازوال قربانیاں دی ہیں.
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے دنیا بھر کے کسی بھی ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں جس کا ہم کوئی صلہ بھی نہیں مانگتے البتہ ہماری قربانیوں کو تسلیم کیا جائے اور دہشت گردوں کی معاونت کا الزام لگا کر نمک پاشی نہ کی جائے.