لاہور : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان نے محض ڈھائی سیٹوں کے لیے آزاد کشمیر انتخابات میں زہریلی مہم چلائی۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہی، خواجہ سعد رفیق نے کشمیر الیکشن میں ہارنے والی پارٹیوں کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے کہا کہ ہمیں کشمیر میں توقع سے زیادہ ووٹ ملے۔ بلاول اور عمران نے محض ڈھائی سیٹیں جیتنے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔
وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی چیئرمین اور رہنماؤں کے کالا چشمہ پہننے پر بھی جُملہ کستے ہوئے کہا کہ کالا چشمہ لگاؤ گے توسفید بھی سیاہ نظر آئے گا۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج پر مخالفین اور جمہوریت کے دشمنوں کو غور کرنا چاہئے، نتائج محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے سیاسی مخالفین کو حکومت سے نمٹنے کے گر بھی سمجھائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا اور جمہوریت پاکستان کی بنیاد میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کی باتیں کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا احتجاج اس بات پر کرو گے کہ مری ہوئی ریلوے زندہ ہوگئی ہے؟ کیا یہ ماتم کروگے کہ رینجرزآپریشن کے بعد کراچی کا امن واپس آرہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ صرف گالیاں دوگے، جھوٹ بولو گے تولوگ آپ کا ساتھ نہیں دینگے۔ خواجہ سعد تقریر کے دوران کسی ٹیچر کی طرح کارکنوں کو بیٹھنے اور خاموش ہونے کی تلقین بھی کرتے رہے۔