کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں زیروپوائنٹ کے مقام پر اسکول بس پر دہشت گرد حملے میں3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ ہوا، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی میں اسکول بس کونشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افرادشہید ہوئے اور کئی بچے زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی اور فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں بری طرح شکست کھانے کے بعد بھارتی دہشت گرد پراکسیز پاکستان میں معصوم بچوں اور شہریوں جیسے آسان اہداف کے دہشت گردی کی کارروائیوں میں نشانہ بنارہی ہیں، بھارتی حکومت کی طرف سے ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال نفرت انگیز، اخلاقی پستی اور بنیادی انسانی اصولوں کو نظر انداز کرنے کی واضح مثال ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس بزدلانہ بھارتی اسپانسرڈ حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ذمہ داروں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج بہادر پاکستانی قوم کی حمایت کے ساتھ، پاکستان سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے متحد ہیں۔
اس سے قبل ڈی سی خضدار یاسر دشتی نے بتایا خضدار میں زیروپوائنٹ کے مقام پر اسکول بس پر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے۔
یاسر دشتی کا کہنا تھا کہ کہ دھماکے کے نتیجےمیں اسکول بس مکمل تباہ ہوگئی تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش بتایا جارہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدارزیرو پوائنٹ کےقریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دشمن نےبربریت کا مظاہرہ کرکے معصوم بچوں پر حملہ کیا، معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والےدرندےکسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسکول بس پرحملہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے تاہم قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔