پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے مالی نظم و نسق اور سروس ڈلیوری کی بہتری اور مالی معاملات میں شفافیت کیلئے نئی پورٹل متعارف کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری محکموں اور اداروں کیلئے اینٹیگریٹڈ انفارمیشن پورٹل کا باضابطہ اجراء کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے پی نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
مذکورہ پورٹل کو سب نیشنل گورننس پروگرام کے تکنیکی تعاون سے تیار کیا گیا ہے، مختلف صوبائی محکموں کے تحت مجموعی طور پر183ادارے کام کر رہے ہیں۔
خودمختار، نیم خود مختار ادارے، جامعات، تدریسی اسپتال، میونسپل ادارے اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ ان اداروں کی کارکردگی، مالی نظم و نسق کو بہتر بنانے کیلئے اینٹیگریٹڈ انفارمیشن پورٹل تیار کیا گیا ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم جس جدت کی طرف ابھی جارہے ہیں، بہت پہلے چلے جانا چاہیے تھا، خیبر پختونخوا اس طرح کا پورٹل متعارف کروانے والا ملک کا پہلا صوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ کے بغیر جدید چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکتے، ہم نے حکومت میں آتے ہی ٹیکنالوجی پر کام شروع کیا۔
اپنے خطاب میں ان کامزید کہنا تھا کہ پورٹل کے اجراء کے بعد یکم جولائی سے صوبائی حکومت کے مذکورہ تمام اداروں کے لیے اس پورٹل کا استعمال لازمی ہوگا۔