راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کے ضلع خیبر میں آپریشن کے دوران 4 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 خوارج ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے 3 اضلاع میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ بلوچستان کے ضلع آواران میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نیاز عرف گھمن، ظریف عرف شاہجہاں کے نام سے ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں ایک اور آپریشن میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ کیچ میں ایک اور کارروائی میں مزید ایک اور دہشتگرد ہلاک ہوا۔
رجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگرد فورسز کیساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک ہونے والے دہشتگرد متعدد کارروائیوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مطلوب تھے۔