لاہور : 2 سالہ بچے کے اغواء اور قتل میں سگی ماں ملوث نکلی، پولیس نے خاتون کو اس کے دوست اور نوکرانی سمیت گرفتار کرلیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز میاں عامر احمد کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ سے ایک روز قبل لاپتہ ہونے والے ڈیڑھ سالہ بچے اذلان کی لاش برآمد کرلی گئی۔
کمسن بچے کے قتل میں کوئی اور نہیں اس کی سگی ماں ملوث نکلی، اس سفاک ماں نے اپنے دوست سلامت اور نوکرانی کے ساتھ مل کر بچے کے اغواء کا ڈرامہ کیا، ملزمان کی نشاندہی پر بچے کی جلی ہوئی لاش برآمد کرلی گئی۔
ڈی ایس پی انویسٹی گیشن چوہدری عثمان نے بتایا کہ بچے کی سگی ماں ملزمہ کنزیٰ نے خود تھانے آکر اپنے شیر خوار بچے کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
چوہدری عثمان نے بتایا کہ ملزمہ ماں نے اپنی نوکرانی اور دوست سلامت کے ساتھ مل کر اذلان کو قتل کیا اور اس کی لاش جلائی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے بچے کی لاش جلانے کے بعد کوٹ رادھا کشن کے علاقے میں پھینک دی تھی، لاش پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔