اتوار, ستمبر 29, 2024
اشتہار

تراب زیدی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث ملزمان کے گرفتاری کے بعد اہم انکشافات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں تراب زیدی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جنھوں نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے سکندر گوٹھ گلزار ہجری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے عیدالفطر کے دوسرے روز شہری تراب زیدی اور پورٹ قاسم پر سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے والے منا گینگ کے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان یاسر عرف منا عرف علی اور محمد علی عرف بڑا انتہائی مطلوب تھے، ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ان کے قبضے سے ایک رکشہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ شہری تراب حسین زیدی کو 12 اپریل کو گلشن چورنگی پر قتل کیا گیا تھا، جب کہ سیکیورٹی گارڈ کو پورٹ قاسم پر ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا۔

- Advertisement -

ترجمان کے مطابق قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ایک مشترکہ خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے جدید تکنیک سے قتل میں ملوث منا گینگ کے ملزمان کو گرفتار کیا، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم یاسر عرف منا نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

بیان کے مطابق ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ تراب حسین زیدی کو ڈکیتی کے دوران قتل کیا تھا، اس واردات میں کامران عرف کامو اور عمران عرف گلابی بھی شامل تھے، یہ دونوں ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے پنجاب فرار ہو گئے تھے، جنھیں پنجاب پولیس نے ڈکیتی واردات کے دوران گرفتار کیا اور سی ٹی ڈی کراچی کے حوالے کیا، جب کہ ملزم یاسر عرف منا عرف علی کراچی میں روپوش تھا۔

اتقا قتل کیس کا ہائی پروفائل ملزم سٹی کورٹ سے کیسے فرار ہوا؟ کانسٹیبل اشتیاق گرفتار

منا گینگ کے ایک کارندے توقیر کو پہلے ہی رینجرز نے گرفتار کیا تھا، جب کہ ملزم محمد علی عرف بڑا نے بھی دوران تفتیش انکشافات کیے ہیں، جس کے مطابق ملزم گزشتہ تین چار سال سے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے، ماہ رمضان میں ملزم نے پورٹ قاسم پر آئل فیکٹری میں ڈکیتی کی کوشش کی، جب سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت کی تو ملزمان نے گولیاں مار کر اسے قتل کر دیا۔

اس واردات میں بابر، جمیل، عمران اور نوید بھی شریک تھے، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں، جب کہ گرفتار ملزمان کو رکشے سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں