اتوار, فروری 2, 2025
اشتہار

’کوئی بچہ پتنگ اڑائے گا تو اس کے باپ کو جوتے ماروں گا‘: ایس ایچ او کی وارننگ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ایس ایچ او سیکرٹیرٹ اشفاق وڑائچ نے پابندی کے باوجود پتنگ اڑانے والے بچے کے والد کو چوک پر جوتے مارنے کی دھمکی دے دی۔

پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیاں ناکام ہونے پر اسلام آباد پولیس بوکھلاہٹ کا شکار ہونے لگی اور اب پولیس افسر دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔

ایس ایچ او سیکرٹیرٹ اشفاق وڑائچ نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کیا کہ کوئی بچہ پتنگ اڑائے گا تو اس کے باپ کو چوک پر جوتے ماروں گا اور مقدمہ بھی درج کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: پتنگ اڑانے والے ہوشیار ! اب 3 سے 5 سال قید کی سزا ہوگی

اشفاق وڑائچ نے اعلان میں یہ بھی کہا کہ اس میں ملوث بچے کا گھر گرا دوں گا۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں پتنگ بازی اور اس میں استعمال ہونے والی جان لیوا ڈور سنگین مسئلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے ہر سال درجنوں افراد زخمی یا زندگی گنوا بیٹھتے ہیں۔

حکومت نے اس مسئلے کے حل کیلیے متعدد بار آگاہی مہمیں چلانے کی کوشش کی لیکن پھر بھی اس کے اثرات سے بچنا مشکل ہو رہا ہے۔

22 جنوری 2025 کو علمائے کرام نے ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہر وہ عمل جو جان کو خطرے میں ڈالے غیر شرعی ہے۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ اسلام انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے، ہوائی فائرنگ، پتنگ اڑانے والوں، ون ویلنگ جان لیوا اور سخت ممنوع ہیں یہ اعمال خودکشی کے مترادف ہیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا تھا کہ پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ کئی جانیں ضائع کر چکی ہیں، 20 روز میں ون ویلنگ کرنے والے 151 افراد گرفتار کیے گئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ پتنگ اڑانے پر 150 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ ہوائی فائرنگ کے مرتکب 118 ملزمان کو جیل بھیجا جا چکا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں