ممبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر کے ایل راہول اور بالی ووڈ کے معروف فلمسٹار سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا شیٹی کی شادی سے متعلق تمام افواہوں نے دم توڑ دیا، ان کے مداحوں کیلئے بڑی خبر آگئی۔
کھیل اور شوبز سے تعلق رکھنے والی یہ دونوں شخصیات گزشتہ تین سال سے ایک ساتھ ہیں اور جوڑے کی شادی کی افواہیں ہر چند ماہ بعد سامنے آتی رہتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس بار شادی سے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے وہ یہ کہ اداکارہ اتھیا شیٹی اور کرکٹر لوکیش راہول کی شادی کی تقریب کھنڈالہ میں منعقد کی جائے گی۔
بھارتی میڈیا ایک بار پھر یہ دعویٰ کررہا ہے کہ اتھیا شیٹی اور لوکیش راہول جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔
ممکنہ طور پر شادی کی یہ تقریب رواں برس دسمبر کے اواخر یا اگلے برس جنوری کے اوائل میں منعقد ہوگی۔ یعنی اگلے تین ماہ شادی کیلئے اہم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریب اداکار سنیل شیٹھی کے کھنڈالہ والے گھر’جہان‘میں ہوگی، کافی وسیع رقبے پر قائم یہ گھر 17برس قبل تعمیر کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ تقریبات کے لیے جگہ مختص کی جاچکی ہے تاہم اب صرف لوکیشن کے شیڈول کی وجہ سے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں ہوسکا۔