کراچی: گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک نوجوان سے موبائل فون چھین کر اسے گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، پولیس نے اصل واقعہ بے نقاب کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی میں نوجوان کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے دیا، پولیس نے قتل میں ملوث دونوں ملزمان کا سراغ بھی لگا لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قتل کی واردات کے بعد پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈراما رچایا تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کورنگی کی فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں، ملزمان نے منیب کو فون کر کے بلایا اور قتل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جب منیب آیا تو ایک ملزم نے اس سے فون لیا اور پھر یکے بعد دیگرے اسے گولیاں مار دیں۔
پولیس ذرایع کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت ملزمان نے کچھ فاصلے پر جا کر مقتول منیب کا موبائل فوں بھی توڑ دیا تھا۔
پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ قتل کی یہ ٹارگٹڈ کارروائی مبینہ طور پر ایک لڑکی کی وجہ سے کی گئی ہے، جس لڑکی کی وجہ سے قتل کیا گیا وہ بھی فیکٹری ورکر تھی۔
پولیس کے مطابق مقتول منیب کورنگی کا رہائشی تھا اور ایک ماہ قبل ہی اس کی شادی ہوئی تھی، گزشتہ روز واقعے کے بعد پولیس نے کہا تھا کہ یہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا واقعہ ہے، پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی ملے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان اپنی بائیک پر بیٹھے شخص سے اسلحے کے زور پر موبائل فون چھینتے ہیں اور موبائل فون دینے کے باوجود اس پر گولیاں داغ دیتے ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے چہرے بھی واضح طور پر دیکھے گئے ہیں۔