تازہ ترین

کے پی او حملہ: سی سی ٹی وی فوٹیجز کے مناظر سامنے آگئے

کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر گزشتہ روز ہونے والے دہشتگرد حملے میں سی سی ٹی وی فوٹیجز کی تصاویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

فوٹیجز کی تصاویر میں دہشتگردوں کو کراچی پولیس آفس میں دیکھا جاسکتا ہے، شر پسندوں نے دفتر کی پہلی منزل پر پوزیشن لیں ان کے پاس بڑے ہتھیار تھے۔ تصاویر میں ان کے بیگز بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شاہراہ فیصل ایف ٹی سی پُل کے قریب کراچی پولیس آفس میں تین دہشتگرد داخل ہوئے تھے جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے ان سے تقریباً 3 گھنٹے مقابلہ کیا تھا۔ دو دہشتگرد فائرنگ میں ہلاک ہوگئے جبکہ آخری دہشتگرد نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا۔

کے پی او پر حملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی۔ ہلاک دہشتگردوں کا موبائل فون برآمد ہوا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والی شر پسندوں کی کلاشکوف پر درج نمبر مٹا ہوا ہے۔ موبائل فون اور اسلحہ کو فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا انکشاف

ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے انکشاف کیا ہے کہ دہشتگردوں نے حملے سے قبل کم از کم ایک ماہ تک ریکی کی، وہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، انہیں ایڈیشنل آئی جی کا فلور بھی معلوم تھا۔

Comments

- Advertisement -