اسلام آباد : بھارت کی آئی سی جے میں جمع تحریری درخواست پاکستان کو موصول ہوگئی، اٹارنی جنرل کی سربراہی میں وکلاء کی ٹیم درخواست کا جائزہ لے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ13ستمبر کو بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں جمع کی جانے والی درخواست پاکستان کو موصول ہوگئی ہے۔
پاکستانی وکلاء کی ٹیم اٹارنی جنرل کی سربراہی میں درخواست کا جائزہ لے رہی ہے، پاکستان بھی اپنا جواب جلد آئی سی جے میں جمع کرادے گا، یہ جواب کلبھوشن کے اعتراف کی روشنی میں تیارکیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی پوزیشن بھارتی جاسوس کے معاملے پر واضح رہی ہے، کلبھوشن یادیو پاکستان کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کی کارروائیوں، جاسوسی اور عدم استحکام پھیلانے میں ملوث رہا ہے۔
مزید پڑھیں: کلبھوشن کیس: بھارت کا عالمی عدالت میں جواب جمع
کلبھوشن کی سرگرمیوں کی وجہ سے ہزاروں معصوم پاکستانیوں کی جانیں گئیں۔ ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے 13 ستمبرکو میموریل عالمی عدالت انصاف میں جمع کرایاتھا، پاکستان اپنا جواب ماہ دسمبر میں عالمی عدالت میں جمع کرائے گا۔