قاہرہ: کویت میں جنوری میں سرکاری ملازمین کے لیے شام کی شفٹ نافذ کی گئی تھی، اب اسے جون تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کویتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آزمائشی بنیادوں پر سرکاری ملازمین کے لیے نافذ کیے جانے والے نظام کا مقصد کام کے ماحول کو بہتر بنانا، پیداواری شرح کو بڑھانا اور صبح کے وقت ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا ہے، اب اس شفٹ کے نفاذ کو مزید کچھ عرصے کےلیے بڑھایا جائے گا۔
اس سسٹم کے تحت سرکاری ملازمین کو سرکاری خدمات تک رسائی میں زیادہ لچک فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
الانبہ اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا کہ "فی الحال اس تجربے کے مثبت پہلوؤں کو بڑھانے، کسی بھی منفی پہلو کو دور کرنے اور کسی بھی رکاوٹ سے بچنے کے لیے اسکا جائزہ لیا جا رہا ہے۔”
کویت کی سرکاری ملازمت کے ادارے سول سروس کمیشن کے طے کردہ قوانین کے مطابق اس نظام کو لاگو کرنے کے لیے ہر سرکاری ایجنسی شام کے اوقات کار مقرر کرنے کی مجاز ہے۔
جس میں روزانہ کل ساڑھے چار گھنٹے کام کیا جاتا ہے۔ شام کی شفٹیں 3:30 بجے سے پہلے شروع نہیں ہونی چاہئیں۔
ذرائع نے الانبہ کو بتایا کہ ایک ملازم، جو شام کی شفٹ میں شامل ہو چکا ہے اور اب صبح کام پر واپس جانا چاہتا ہے، اسے متعلقہ سرکاری ایجنسی سے منظوری لینا ضروری ہے۔
ذرائع نے مزید کہا، "اگر ملازم کو یہ منظوری نہیں ملتی ہے، تو وہ کم از کم سات ماہ تک کام کرتا رہے گا۔”