کویت سٹی: خلیجی ملک کویت نے شہریوں کو کرونا وبا سے بچانے کے لئے ایک اور تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت صحت نے کووڈ نائنٹین کی تیسری (بوسٹر خوراک) لگانے کا اعلان کیا ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہری اور رہائشی بغیر کسی ایڈوانس بکنگ کے تیسری خوراک لگواسکتے ہیں بشرطیکہ انہیں دوسری خوراک لگوائے چھ ماہ گزر گئے ہوں۔
وزارت صحت نے مدافعتی نظام کو بڑھانے اور کرونا وائرس کے خلاف بہتر تحفظ فراہم کرنے کے لیے اس شاٹ کو لینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ تیسرا شاٹ لینا چاہتے ہیں انہیں مشرف کے علاقے میں واقع ویکسی نیشن سینٹر جانا ہو گا۔
روزنامہ الانباء کے معتبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا کہ لوگوں سے کرونا کے خلاف ویکسین کی تیسری یا بوسٹر خوراک حاصل کرنے کی ضرورت کے ساتھ ساتھ شہریوں کے بیرون ملک سفر یا غیر ملکیوں کے داخلے کے لیے اس شرط کو ضوابط میں شامل کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کویت: غیر ملکیوں کے ورک پرمٹ سے متعلق اچھی خبر
ذرائع نے مزید بتایا کہ وبائی امراض کے اعدادوشمار میں مسلسل بہتری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ملک چھوڑنے یا داخل ہونے کے لیے کوئی نیا ضابطہ نافذ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب صحت کے حکام نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بند جگہوں میں صحت کے ضوابط کے اطلاق کے پابند رہیں اور اگر انہوں نے ابھی تک کرونا ویکسین کی خوراک نہیں لی تو انہیں ویکسین لینی چاہئے۔
ذرائع نے وائرس کے خلاف تحفظ کی سطح کو مزید بڑھانے اور ان کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے چھ ماہ قبل دوسری خوراک حاصل کرنے والے بعض زمروں کے لیے بوسٹر شاٹ لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔