کویت سٹی: کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا نیا امیر مقرر کردیا گیا۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال کے بعد کویت کی کابینہ نے ولی عہد کو نیا امیر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
شیخ نواف الاحمد الجابر کی تقرری کے بعد انہیں امیر کے تمام اختیارات خود بہ خود منتقل ہوگئے۔ کویت کے نئے امیر کی عمر 83 سال ہے جبکہ وہ سابق سربراہ کے سوتیلے بھائی ہیں۔
دوسری جانب امیرِ کویت کے انتقال پر حکومت نے چالیس روزہ جبکہ متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ خلیجی ریاست کویت کے امیر صباح الاحمد الجابر الصباح آج دوپہر 91 برس کی عمر میں امریکا میں انتقال کرگئے، جس کی تصدیق شاہی خاندان نے بھی کردی ہے۔
مزید پڑھیں: امیرکویت انتقال کرگئے
شیخ الصباح الاحمد رواں برس جولائی میں علاج کی غرض سے امریکا منتقل ہوئے تھے، اس سے قبل ان کی کویت میں بھی سرجری کی گئی تھی۔
کویت کے سرکاری حکام کی جانب سے امیر کی بیماری کے حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں تھیں البتہ یہ بتایا گیا تھا کہ وہ آپریشن کی غرض سے ہی امریکا تشریف لے گئے ہیں۔
شیخ الصباح کون تھے؟
خیال رہے کہ شیخ الصباح الاحمد نے 2006 میں تیل کی دولت سے مالا مال عرب ریاست کویت کے امیر کا منصب سنبھالا تھا جبکہ اس سے قبل وہ 50 برس سے ریاست کے خارجہ امور و پالیسیاں بھی دیکھتے رہے ہیں، شیخ الاحمد نے 1963 سے 1991 تک وزیر خارجہ کا منصب سنبھالا جس کے بعد 1993 میں انہیں دوبارہ کویت کے وزیر خارجہ کا منصب سونپ دیا گیا تھا جو 2003 تک ان کے ہی پاس رہا۔
واضح رہے کہ آل صباح خاندان گزشتہ 260 برس سے خلیجی ریاست کویت پر حکمرانی کررہا ہے۔کویت کا شمار دنیا کے اُن 6 ممالک میں ہوتا ہے جہاں بڑے پیمانے پر تیل کے ذخائر پائے جاتے ہیں۔