بشکیک: حکومت کرغزستان نے بشکیک شہر کی صورت حال کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی صورت حال اس وقت مستحکم ہے۔
کرغزستان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ علاقے کی صورت حال وزارت داخلہ اور بشکیک کے مرکزی محکمہ داخلہ کے مکمل کنٹرول میں ہے، اور پولیس اہلکار سختی سے کام کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت کی تمام سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے، جب کہ پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بہتر انداز میں امن عامہ یقینی بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کرغزستان میں مصری اور مقامی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی، اور مقامہ طلبہ کے جھتوں نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر بھی حملہ کر دیا، اور اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی، تشدد سے 5 طلبہ زخمی ہوئے، جب کہ طالبات نے چھپ کر جان بچائی۔
پاکستانی طلبا پر تشدد : کرغزستان ناظم الامور ڈیمارچ کیلئے دفترخارجہ طلب
پاکستان میں دفتر خارجہ نے کرغزستان کے ناظم الامور کو ڈیمارش کے لیے طلب کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی رپورٹس پر تشویش سے آگاہ کیا گیا، کرغزستان وزارت صحت کے مطابق چار پاکستانیوں کو طبی امداد فراہم کر کے فارغ کیا گیا، ایک پاکستانی جبڑے کی چوٹ کے باعث زیر علاج ہے۔
کرغز حکام نے انکوائری کرانے اور قصور واروں کو سزا دینے کا وعدہ کیا ہے، دوسری طرف پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی ہیلپ لائنز کھول دی ہیں، وزارت خارجہ نے کرائسز منجمنٹ یونٹ فعال کر دیا، ای میل کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔