ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

17 سالہ لڑکے کے قتل میں ملوث لیڈی ڈان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت میں دہلی کے سیلم پور علاقے میں 17 سالہ لڑکے کنال کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے 25 سالہ خاتون زکرا خان کو حراست میں لے لیا ہے، جو خود کو ’لیڈی ڈان‘ کہتی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 سالہ لڑکے کنال کو جمعرات کی شام اس کے گھر کے نزدیک چاقو کے وار سے ہلاک کردیا گیا تھا۔ معاملہ پرانے جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔

پولیس کے مطابق زکرا خان المعروف لیڈی ڈان نے دوران تفتیش قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے، اس واقعے کے بعد کنال کے گھر والوں اور محلے والوں نے دیر رات تک احتجاج کیا، جس کے باعث علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی تھی۔

دہلی کی چیف منسٹر ریکھا گپتا نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کروائی۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں نے پولیس کمشنر سے بات کی ہے، پولیس پوری کوشش کر رہی ہے، اور مجھے امید ہے کہ مجرم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق جھگڑا نومبر 2024 میں ہوا تھا، جب کنال کے ایک ساتھی نے ایک شخص پر حملہ کیا تھا۔ کنال بھی اس وقت موقع پر موجود تھا۔ جمعرات کی شام ملزمان نے اسے گھر کے قریب روکا اور چاقو سے حملہ کرکے اس کی جان لے لی۔

کنال کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے حملے کی جگہ کی جانب دوڑ لگائی مگر ان کے پہنچنے سے قبل ہی حملہ آور فرار ہوچکے تھے۔

زخمی کنال کو جگ پرویش چندر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس کی بڑی کامیابی ’لیڈی ڈان‘ گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ اصل ملزمہ سمیت مزید 3 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، زکرا ایک بدنام گینگسٹر ہاشم بابا کی بیوی کے لیے باڈی گارڈ کے طور پر کام کرتی تھی، اور سیلم پور میں ’لیڈی ڈان‘ کے نام سے مشہور ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں