لاہور: گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال میں کرنٹ لگنے سے پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں اپنے والدین کے ساتھ اسپتال آنے والا بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
شیر خان نامی شہری بیوی کو طبیعت خراب ہونے پر دوا لینے بچے کیساتھ اسپتال آیا تھا، بیوی کی طبیعت خراب ہونے پر شوہر بچے کیساتھ اسپتال کے پارک میں بیٹھ گیا تھا۔
ٹیچنگ اسپتال کے پارک میں لگی تار کو بچے نےکھیلتے ہوئے پکڑ لیا اور کرنٹ لگنے سے 5 سالہ بلال موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، بچے کی اچانک موت پر اہل خانہ مشتعل ہوئے اور انہوں نے اسپتال میں انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔
اسپتال میں انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر اُن سے مذاکرات کیے، پولیس نے مقدمہ درج کرنےکی یقین دہانی پر لواحقین نے احتجاج ختم کردیا۔