اشتہار

لاہور ہائی کورٹ کا ڈاکٹروں کو ہڑتال آج ہی ختم کرنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ہائی کورٹ نے ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کو ہڑتال ختم کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر ہڑتال ختم نہ کی گئی تو توہین عدالت کی اور فوجداری کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس جواد حسن نے عبداللہ ملک ایڈووکیٹ کی جانب سے ہڑتال کے خلاف درخواست کی سماعت کی، ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کے نمایندے عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ہڑتال فوری طور سے ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو لکھ کے دیا جائے کہ ہڑتال ختم کی جا رہی ہے، جس پر ینگ ڈاکٹرز کے وکیل عابد ساقی نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ ہڑتال ختم کی جا رہی ہے۔

عدالت نے سیکریٹری صحت کو حکم دیا کہ کمیٹی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے اور ان کی مشاورت سے معاملہ حل کیا جائے، عدالت نے قرار دیا کہ اس دوران ڈاکٹر کوئی ہڑتال نہیں کریں گے، ہڑتال کی صورت میں توہین عدالت اور فوج داری کارروائی ہوگی۔

- Advertisement -

عدالت کا کہنا تھا کہ پروفیشنلز کس طرح ہڑتال کر سکتے ہیں، افسوس ہوا کہ ڈاکٹر یونیفارم پہن کر اسپتال میں علاج کی بہ جائے عدالت چلے آئے، جائیں جا کر مریضوں کا علاج کریں، ہڑتال کی تعریف واضح کرنا اب ضروری ہوگئی ہے، یہ ہیلتھ سیکریٹری کا قصور ہے کہ معاملہ ابھی تک لٹکا ہوا ہے، جب تک فریقین مل کر نہیں بیٹھیں گے معاملہ حل نہیں ہو گا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اب تک ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی، ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ وہ اچھا تاثر دینے کے لیے ہڑتال ختم کر رہے ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کو سن کر ڈرافت تیار کرے اور رپورٹ 23 نومبر کو ہائی کورٹ میں جمع کروائی جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں