لاہور: پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مسلسل دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی کے باعث ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سبطین خان کی زیر صدارت دو گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کے آغاز پر ہی اپوزیشن ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کےخلاف ڈاکو ڈاکو کےنعرے اور شور شرابہ کیا۔
اپوزیشن ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف اعتماد کا ووٹ لو کے نعرے لگائے، جس کے باعث ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سردارشہاب الدین نے اپوزیشن کو جواب دیا کہ مونس الہیٰ کو چھوڑیں، حمزہ کی کرپشن کا جواب دیں، ایوان میں اس طرح کا ماحول پیدا کرنے والوں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویزالہی پنجاب پر مسلط ہیں،انہیں اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا، وزیر داخلہ
اس موقع پر پی ٹی آئی رکن اسمبلی ظہیرعباس کھوکھر نے کہا کہ اپوزیشن ارشد شریف کےقتل اور عمران خان پرحملےکاجواب دیں، انہوں نے مہمانوں کی گیلری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی لابی میں ایک جرائم پیشہ شخص بیٹھاہواہے، جب تک یہ جرائم پیشہ یہاں ہےاسمبلی سےواک آؤٹ کرتاہوں۔
اپوزیشن کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر نے اجلاس کل تین بجے تک ملتوی کردیا، اجلاس ملتوی ہونے پر لیگی ارکان اسمبلی نے سیڑھیوں کی جانب رخ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف سیڑھیوں پر بیٹھ کر شدید نعرے بازی کی۔