لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے تاریخی عمارتیں بھی متاثر ہونے لگیں۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز احمر کھوکھر کے مطابق طوفانی بارش کے باعث ٹکسالی فوڈ اسٹریٹ کے قریب واقع لاہور کے شاہی قلعے کا داخلی اور چھوٹا دروازہ زمین بوس ہوگیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارش کا پانی مسلسل کھڑا ہونے کی وجہ سے پہلے چھوٹا دروازہ گرا جس کی وجہ سے قلعے کا داخلی دروازہ بھی زمین بوس ہوا۔
یاد رہےکہ لاہور کے شاہی قلعے کا شمار بین الاقوامی تاریخی اور ثقافتی مقامات مین ہوتا ہے، جس کی تزئین و آرائش اور عمارت کی مکمل ذمہ داری والڈ سٹی اتھارٹی پر عائد ہوتی ہے۔
والڈ سٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دروازہ بارش کے باعث متاثر ہوا، جلد از جلد دروازے کی بحالی اور اسے ازسرنو لگوانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل
یاد رہے کہ لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، شہریوں کی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں ڈوب جانے کی وجہ سے خراب ہوئیں تو شہر میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔