لاہور شہر میں دو مختلف مقامات پر خواتین کو مبینہ ذیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں جنسی درندے بے لگا ہوگئے، چلڈرن اسپتال کے باہر سے خاتون کو اغوا کرنے کے بعد کاہنہ لے جا کر گینگ ریپ کا نشانہ بنا دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون اپنی بیٹی کے ہمراہ دوا لینے اسپتال سے باہر آرہی تھی کہ تین نامعلوم ملزمان نے اسلحے کی زور پر اغوا کیا اور خاتون کو اغوا کر کے کاہنہ لے گئے اور مبینہ زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔
پولیس کے مطابق خاتون نے بتایا کہ ملزمان کے نشے میں دھت ہونے پر وہ اغوا کاروں کے چنگل سے بھاگ آئی، پولیس نے خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: درندگی کی انتہا: آٹھویں جماعت کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی
خاتون سے مبینہ زیادتی کا دوسرا واقعہ ہنجروال میں پیش آیا ، جہاں ماجد نامی شخص نے گھر میں گھس کر 35 سالہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا، پولیس نے متاثرہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کم سن بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، چند روز قبل کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران لڑکی سے اجتماعی زیادتی کا اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں تین ملزمان نے آٹھویں جماعت کی طالبہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
رواں سال بارہ فروری کو صوبہ سندھ کے ضلع میرپور خاص کے علاقے نوکوٹ میں دو خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، خبر نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا تھا۔