بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

لاہور اسموگ: دھویں کا اخراج کرنے والی گاڑیوں، صنعتوں‌ پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: اسموگ اسٹیئرنگ کمیٹی نے دھویں کا اخراج کرنے والی گاڑیوں، صنعتوں اور فصل جلانے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑےشہروں میں خطرناک دھند (اسموگ) کے تدارک کے لیے صوبائی حکومت نے اہم فیصلے کیے ہیں۔

دھند پر قابو پانے کے حوالے سے اسموگ اسٹیئرنگ کمیٹی کا ریلیف کمشنربابرحیات تارڑکی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں دھویں کے ہر قسم کے اخراج پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

کمیٹی نے پنجاب میں موٹرسائیکل اور دھویں والی گاڑی پر دو ہزار روپے، فصل جلانے اور دھواں دیتے ہوئے بھٹے پر 50ہزار، کسی فیکٹری سےدھویں کے اخراج پر پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں تمام سرکاری محکموں کو50فیصدگاڑیاں کم استعمال کرنےکا حکم دیا گیا جبکہ کارروائی کا مکمل اختیار ڈپٹی کمشنرز کو منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور میں اسموگ کا راج، ناک ، کان ، گلے اورآنکھوں کے امراض میں اضافہ

قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت اسموگ پرقابوپانےکیلئے اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے مؤثر اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

سردار عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے مکمل ذمہ داری کے ساتھ فرائض ادا کریں اور اسموگ کے خاتمے کے نتائج دیں، حکومتی اقدامات پر عمل درآمدمیں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کےخلاف کریک ڈاؤن جبکہ ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کےخلاف قانون کے تحت ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایسی صنعتوں کو سیل کر کے جرمانہ عائد کرنے کا حکم بھی دیا۔ علاوہ ازیں فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ الیکٹرک بسوں کی خریداری کےلئے فوری اقدامات کئےجائیں اور اس حوالے سے جلد از جلد حتمی پلان پیش کیا جائے۔ انہوں نے افسران کو فیلڈ پر جاکر انسداداسموگ اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں اینٹی اسموگ اسکواڈ قائم

اسے بھی پڑھیں: اسموگ میں کمی: پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں کی بندش شروع

وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا کہ انسانی زندگیوں کےتحفظ کیلئے اسموگ کوآفت قرار دیاگیا ہے، کوڑاکرکٹ جلانےکی پابندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائےگی اور ایسی صورت میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کرشنگ پلانٹس کو اینٹوں کےبھٹوں کی طرح جدیدٹیکنالوجی پرمنتقل کرنے اور حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں