اشتہار

لکھ پتی یتیم بچہ سڑکوں پر بھیک مانگتا رہا، دردناک خبر

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت میں 11 سالہ لکھ پتی بچہ کئی ماہ تک اپنی گزر بسر کے لیے سڑکوں پر اور در در جا کر بھیک مانگتا رہا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست یو پی کے علاقے سہارنپور کا ہے جہاں اپنے گزر بسر کے لیے کئی ماہ سے سڑکوں اور گھر گھر جا کر بھیک مانگنے والا گیارہ سالہ بچہ شاہ زیب لکھ پتی نکلا۔

مقامی میڈیا میں یہ دردناک واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب کچھ روز قبل کلیر میں بھیک مانگتے شاہ زیب پر اس کے کسی دور کے رشتے دار کی نظر پڑی اور اس نے واٹس ایپ کے ذریعے بچے کی تصویر کی شناخت کی جس کے بعد اس کے خاندان والوں کا اطلاع دی اور بچے کو اس کے اہلخانہ تک پہنچایا۔

- Advertisement -

اس واقعے کی اصل کہانی کچھ اس طرح ہے کہ کورونا کے دور میں 11 سالہ شاہ زیب کی ماں کی موت ہوگئی تھی۔ جس کے بعد اس کو اپنے گزر بسر کے لیے سڑکوں پر بھیک مانگنا پڑی تھی کیونکہ اس کے پاس اپنا کوئی دوسرا موجود نہیں تھا جو اس کی کفالت کرتا۔

ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق 2019 میں دیوبند ناگل کے پنڈولی گاؤں کی رہائشی عمرانہ نے ناراض ہوکر اپنا سسرال چھوڑ دیا تھا اور بیٹے کو ساتھ لے گئی تھی۔ بعد ازاں اس کے شوہر نے کئی بار اسے منانے اور گھر واپس لانے کی کوشش کی لیکن اسے ناکامی ہوئی۔ بعد ازاں عمرانہ بیٹے کو لے کر اتراکھنڈ کے کلیر شریف کے علاقے میں چلی گئی۔

سسرالیوں نے عمرانہ اور بچے کو بہت تلاش کیا لیکن ان کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔ بیوی بچے کی جدائی کے غم میں عمرانہ کا شوہر انتقال کرگیا بعد ازاں کورونا وبا میں خاتون کا انتقال ہوگیا۔ جس کے بعد اس کا کمسن بیٹا ددھیال کے ہوتے ہوئے دنیا میں تنہا رہ گیا اور اپنی بھوک مٹانے کے لیے سڑکوں پر بھیک مانگنے لگا۔

دوسری جانب بچے کا دادا اپنے پوتے شاہ زیب سے بہت محبت کرتا تھا اور ماں بیٹے کے لاپتہ ہونے کے باوجود اسے یقین تھا کہ اس کا پوتا ایک نہ ایک دن انہیں ضرور مل جائے گا۔ اس نے اپنی آدھی جائیداد بھی اس پوتے کے نام کردی تھی۔

دادا نے اپنے پوتے کو تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور سوشل میڈیا سے لے کر اخبار تک میں پوتے کی ہر جگہ تصویر دی، لیکن وہ انہیں نہ مل سکا۔

کچھ روز قبل کلیر میں شاہ زیب پر کسی دور کے رشتے دار مبین کی نظر پڑی اور اس نے واٹس ایپ سے شاہ زیب کی تصویر سے اس کی شناخت کی اور اہل خانہ کو اس کی اطلاع دی۔ مبین نے بچے کو اہل خانہ تک پہنچا بھی دیا۔ بتایا جا رہا ہے بچے کے نام گاؤں میں مکان ہے جس کی قیمت 20 سے 25 لاکھ روپے ہے، اس کے علاوہ زرعی زمین بھی اس کے نام ہے۔ اس طرح کچھ دن قبل تک سڑکوں پر بھیک مانگنے والا شاہ زیب اب تقریباً 50 لاکھ کی جائیداد کا مالک بن چکا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں