لکی مروت : پولیس نے دہشت گردوں کے دو تھانوں پر حملے ناکام بنا دیے اور فوری جوابی کارروائی پر دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت میں پولیس تھانہ ڈڈیوالہ اور تھانہ پیزو پر دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیئے گئے۔
ڈی پی او محمد جواد نے کہا کہ پولیس کی فوری کارروائی پردہشت گرد تاریکی میں فرار ہوگئے، الرٹ پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کو بھانپ لیا تھا۔
محمد جواد کا کہنا تھا کہ پولیس نےدہشت گردوں کومورچہ زن ہونےکاموقع ہی نہیں دیا، دونوں مقامات پردہشت گردوں کی فائرنگ سےکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈی پی او نے بتایا پولیس کے جوان پہلےسےالرٹ تھے، فوری جوابی کارروائی پر دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
ڈی پی او محمد جواد اسحاق نے پولیس جوانوں کو دونوں حملے ناکام بنانے پر شاباش دیتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس ہر قسم کے حالات کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں بھی تھانہ پیزو پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا ، جس کے نتیجے میں اہلکار کرامت اللّٰہ شہید ہو گئے تھے۔
بعد ازاں جنوری میں ابو خیل میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے ، اہلکار ڈیوٹی پر جارہے تھے۔