کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ ملتان ٹیسٹ کے دوران دانش کنیریا نے برائن لارا کو غصہ دلایا تو انہوں نے لگاتار تین چھکے رسید کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق برائن لارا کا شمار دنیا کے مایہ ناز بیٹسمینوں میں ہوتا ہے انہوں نے ایک ٹیسٹ اننگز میں 400 رنز کا عالمی ریکارڈ انگلینڈ کے خلاف بنایا جو آج تک قائم و دائم ہے۔
سابق کپتان انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر لارا اور دانش کنیریا کی نوک جھونک کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان ٹیسٹ میں دانش کنیریا نے گیند کرائی تو لارا نے انہی کی جانب شاٹ کھیلا جس پر دانش نے طنز کیا کہ ’’ویلڈن سر‘‘ اس پر لارا کو غصہ آگیا انہوں نے اس کے بعد تین گیندوں پر لگاتار تین چھکے جڑ دئیے۔
Here's the 3 consecutive 6s by Lara off Kaneria.
Great reaction from the Multan crowd appreciating the brilliance of the batsman. pic.twitter.com/ffkFpDz1Kh
— Saj Sadiq (@Saj_PakPassion) April 12, 2020
واضح رہے کہ برائن لارا، سعید انور، سچن ٹنڈولکر کا شمار 90 کی دہائی کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا تھا اور ان کے سامنے گیند کرتے ہوئے بولرز کافی محتاط رہتے تھے۔
برائن چارلس لارا 131 ٹیسٹ میچز اور 299 ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کی اور بالترتیب 11953، 10405 رنز دونوں فارمیٹ میں بنائے، ٹیسٹ میں ان کی 34 سنچریاں اور 48 نصف سنچریاں ہیں اور ون ڈے میں لارا نے 19 مرتبہ تھری فگر اننگز اور 63 نصف سنچریاں اسکور کیں۔