کراچی : محکمہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی بڑی تعداد کورونا سے متاثر ہے ، کراچی پہنچنے والے 401 مسافروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے ، محکمہ صحت نے بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے مسافروں کی بڑی تعداد میں کورونا وائرس کا انکشاف کیا ، 15 پروازوں کے ذریعے کراچی پہنچنے والے401مسافروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔
سب سے زیادہ کیس 29اپریل کو شارجہ سے کراچی پہنچنے والی پروازکے 127مسافروں میں ٹیسٹ مثبت آئے ، ایئر عریبیہ کی پرواز 29 اپریل کو شارجہ سے کراچی پہنچی تھی ، 214 مسافروں میں سے127 مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق 15 دنوں کے دوران بیرون ملک سے 15 پروازیں 2348 مسافروں کو لیکر کراچی پہنچی، جن میں سے 401 مسافروں میں کورونا مثبت آیا جبکہ 1714مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
فہرست کے مطابق 18 اپریل کو کراچی سے جکارتہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 889 میں 221مسافروں آئے ، جس میں سے 36 مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے ، 20اپریل کو دبئی سے کراچی پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز 241 مسافروں کو لیکر پہنچی اور 16مسافروں میں کورونا مثبت آئے۔
اسی طرح 20 اپریل کو دبئی سے پی آئی اے کی دوسری پرواز پی کے 7860 میں 269مسافر کراچی پہنچے، جس میں 83 مسافروں میں کورونا مثبت آیا جبکہ 24 اپریل کو کوالالمپور سے آنے والے 10مسافر اور دبئی سے کراچی کی پروازکے 16 مسافرکورونا کا شکار نکلے۔
یکم مئی کو دبئی سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پرواز میں 140مسافروں میں سے 5مسافر جبکہ مسقط سے سے آنے والے 145 مسافروں میں سے 5 مسافر کورونا سے متاثر تھے۔
محکمہ صحت کے مطابق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے مسافروں کو ایکسپوسینٹر اور گڈاپ میں قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب بیرون ملک سے پشاور پہنچنے والے بھی کوروناکے مریض نکلے، مختلف فلائٹس سے باچاخان ائیرپورٹ آنے والے ایک سو نواسی مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کی محکمہ صحت نے تصدیق کردی ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ افرادسرکاری اسپتالوں کے قرنطینہ مراکز میں زیر علاج ہے۔