لاہور : مسلم لیگ نواز کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک جہان فانی سے کوچ کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور ایم این اے پرویز ملک نے مختصر علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہہ دیا۔
پرویز ملک 18 نومبر 1947 کو لاہور میں ملک محمد اکرام کے گھر پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم لاہور سے ہی حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کےلیے برطانیہ کا رخ کیا۔
رہنما مسلم لیگ نواز نے انجینئرنگ میں بیچلرز آف سائنس (آنرز) کی سند برمنگھم کی آسٹن یونیورسٹی سے حاصل کی۔
پرویز ملک سنہ 1997 سے 2018 تک مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، آپ انتقال کے وقت پی ایم ایل نواز لاہور ڈویژن کے صدر تھے۔
مرحوم رہنما این اے 133 لاہور (13 اگست 2018)، این اے 120(16 نومبر 2002 سے 15 نومبر 2007)، این اے 95(15 اکتوبر 1997 سے 12 اکتوبر 1999) اور این اے 123(11 مارچ 2010 سے 16 مارچ 2013 اور 1 جون 2013 سے 31 مئی 2018) سے ن لیگ کے ٹکٹ پر عام انتخابات میں حصّہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔
پرویز ملک نے 4 اگست 2017 سے 31 مئی 2018 تک سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں بطور وزیر تجارت و ٹیکسٹائل ذمہ داریاں انجام دیں۔
ترجمان مسلم لیگ نواز مریم اورنگزیب کا اظہار افسوس
ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ کے ذریعے پرویز ملک کے انتقال پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے کہا کہ پرویز ملک اچھے اور خلق خدا کا بھلا کرنے والے رحم دل انسان تھے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ان کی وفات کا اتنا ہی شدید صدمہ ہے جیسے اپنے والد کو کھونے کا غم ہوتا ہے، اللہ مرحول کو جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
انکل پرویز ملک ایک نہایت اچھے، عجز و انکسارکا پیکر اور خلق خدا کا بھلا کرنے والے رحم دل انسان تھے۔ ان کی وفات کا اتنا ہی شدید صدمہ ہے جیسے اپنے والد اور شفیق بزرگ کو کھونے کا غم۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) October 11, 2021